اسلام آباد میں موسلادھار بارش، دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگئی ہے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں صبح سے ہی آسمان پر گہرے سیاہ بادلوں کا ڈیرہ تھا، دیکھتے ہی دیکھتے طوفانی بارش شروع ہو گئی جس سے حد نگاہ کم ہو گئی۔ گاڑی سواروں نے دن کی روشنی میں گاڑیوں کی لائٹس روشن کرلیں محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، خوشاب، سرگودھا، نارووال، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، قصور اور گوجرانوالہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے، سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں بارش ہونے کی توقع ہے۔