اسلام آباد (کامرس رپورٹر )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب کی قیادت میں اسلام آباد کے فلور ملز مالکان کے وفد نے بدھ کو یہاں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سے ملاقات کی جس کا مقصد ڈپٹی کمشنر کو خطے میں فلور ملز مالکان کو درپیش مختلف چیلنجز سے آگاہ کرنا تھا تاکہ ان کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے پالیسی کی بعض رکاوٹوں کی وجہ سے فلور مل مالکان اسلام آباد کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی ان کے فوری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ مقامی مارکیٹ میں آٹے کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اپنے ریمارکس میں وفاقی دارالحکومت کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ انتظامیہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے کیونکہ یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ علاقے کی اجتماعی خوشحالی کے لئے شہریوں اور کاروباری شعبے دونوں کو سہولیات فراہم کرے فریقین نے اسلام آباد میں کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لئے قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔وفد کے دیگر ارکان میں ثناء اللہ خان، چوہدری مختار، شیخ عمران اور شوکت علی شامل تھے ۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے چیئرمین راجہ عبدالمجید بھی موجود تھے۔




