ایزی پیسہ اور فاسٹ یونیورسٹی کے درمیان معاہدہ، فن ٹیک اور پراڈکٹ ڈیزائن تعلیم کے کورسز متعارف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک اور نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز– فاسٹ یونیورسٹی (اسلام آباد) نے پاکستان میں اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان تعلق مضبوط کرنے اور فِن ٹیک ایجوکیشن کو فروغ دینے کے لیے شراکت داری کی ہے، تاکہ نظریاتی تعلیم کو عملی تجربے سے جوڑا جا سکے۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق اس اشتراک کے تحت، ایزی پیسہ کی تجربہ کار انڈسٹری ٹیم فاسٹ اسکول آف مینجمنٹ کے فِن ٹیک/بزنس کے طلباء کے لیے “The Fintech Lab: Product Design, Analytics & Emerging Trends” کے عنوان سے ایک الیکٹیو کورس پڑھا رہی ہے۔

یہ کورس پروڈکٹ ڈویلپمنٹ ، ٹیکنالوجی، اسٹریٹجی اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات پر مبنی ہے، جو طلبہ کو فِن ٹیک کے میدان میں جامع اور عملی طور پر سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فرحان حسن نے فاسٹ اسکول آف مینجمنٹ کی ڈین اور سربراہ، ڈاکٹر سعدیہ ندیم کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جس سے اس تعاون کو باضابطہ شکل دی گئی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی ۔یہ اشتراک پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل بینک ایزی پیسہ اور فاسٹ یونیورسٹی کے درمیان ایک وسیع تر اسٹریٹجک تعاون کا آغاز ہے، جس کا مقصد طلباء کو فِن ٹیک کے میدان میں گہری سمجھ، عملی بصیرت، مہارت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں اس صنعت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر فرحان حسن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ، “ایزی پیسہ میں ہم ہمیشہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے ساتھ اپنا علم اور تجربہ بانٹنے کے خواہشمند رہتے ہیں۔ یہ اشتراک ہمیں فِن ٹیک کے مستقبل کے رہنماؤں کو تیار کرنے کا موقع دیتا ہے، جو درست مہارت اور آگہی کے ساتھ اس میدان میں آگے بڑھ سکیں۔ فاسٹ یونیورسٹی کے ساتھ ہمارا تعاون کلاس روم لرننگ اور عملی تجربے کے درمیان پُل کا کام کرتا ہے، جس سے ماہرین، طلباء کو حقیقی دنیا کی بصیرت فراہم کر کے مستقبل کے جدت کار تیار کرتے ہیں۔

ڈاکٹر سعدیہ ندیم، ڈین و سربراہ، فاسٹ سکول آف مینجمنٹ، اسلام آباد نے کہا کہ ایزی پیسہ اور فاسٹ کے درمیان تعاون ایک خوش آئند قدم ہے جو ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم اپنے طلبہ کو فِن ٹیک اور ڈیجیٹل بینکنگ کے تیزی سے بدلتے منظرنامے میں کامیابی کے لیے درکار مہارت اور فہم فراہم کر رہے ہیں۔ یہ شراکت دونوں اداروں کو اپنی صلاحیتیں یکجا کر کے پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی بہتری کے لیے کام کرنے کا موقع دیتی ہے۔

پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل بینک کے طور پر ایزی پیسہ محفوظ، مؤثر اور جدید بینکنگ کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایزی پیسہ ملک کے ہر پانچ میں سے ایک بالغ فرد کی نمائندگی کرتا ہے، اس کے صارفین میں 31 فیصد خواتین شامل ہیں، جبکہ 2024 میں 2.7 ارب سے زائد لین دین مکمل کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 9.5 ٹریلین روپے تھی — جو پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا تقریباً 9 فیصد ہے۔ اس طرح ایزی پیسہ نے ملک کے مالیاتی نظام میں ایک اہم کردار کے طور پر اپنی حیثیت مضبوط کر لی ہے۔