جے ایس بینک اور ویزا کا جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے شراکت داری کا معاہدہ

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے بینکوں میں شامل جے ایس بینک نے عالمی ڈیجیٹل پیمنٹ لیڈر ویزا کے ساتھ اپنے جدید کارڈز پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے اور بہتر بنانے کے لیے معاہدہ کر لیا ہے معاہدے کی دستخطی تقریب جے ایس بینک کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں ویزا کی گروپ کنٹری مینیجر برائے نارتھ افریقہ، لیونٹ اور پاکستان لیلیٰ سرحان، ویزا کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان و افغانستان عمر خان، جے ایس بینک کے صدر و سی ای او باسر شمسی، سی او او عاطف ملک سمیت دونوں اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اس شراکت داری کے ذریعے جے ایس بینک ویزا کے تعاون سے مزید وسیع رینج کے جدید پروڈکٹس اور حل متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے صارفین کو زیادہ سہولت، بہتر سیکیورٹی اور عالمی سطح پر قبولیت حاصل ہو سکے گی۔ یہ اشتراک جے ایس بینک کی بینکنگ شعبے میں جدت لانے اور پاکستان کو کیش لیس اکانومی کی جانب لے جانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے جے ایس بینک کے صدر و سی ای او باسر شمسی نے کہا:”ویزا کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق جدت اور صارف مرکزیت پر مبنی ہے۔ یہ نیا اشتراک ہمارے اس سفر میں ایک اور سنگِ میل ہے جس کا مقصد صارفین کو محفوظ اور بہترین ڈیجیٹل مالیاتی حل فراہم کرنا ہے۔”

ویزہ کے کنٹری مینیجر برائے پاکستان و افغانستان عمر خان نے کہا:”جے ایس بینک پاکستان میں صارفین کے لیے بامعنی جدت لانے میں ایک مضبوط شراکت دار رہا ہے۔ ویزا سے منسلک مصنوعات کی توسیع کے ذریعے ہم روزمرہ کی ادائیگیوں کو مزید آسان اور محفوظ بنا رہے ہیں اور لوگوں کو قابلِ اعتماد ڈیجیٹل تجربات تک بہتر رسائی فراہم کر رہے ہیں ویزا کی عالمی مہارت اور جے ایس بینک کی ڈیجیٹل ترقی پر توجہ کے نتیجے میں یہ شراکت داری پاکستان میں مالی شمولیت کے فروغ اور صارفین کو جدید مالیاتی سہولتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔