سال 2025 میں پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 3.54 فیصد متوقع، دسمبر میں اشیائے خوراک کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)سال 2025کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 3.54فیصد تک رہنے کا امکان ہے جو گزشتہ ایک دہائی میں سالانہ بنیادوں پرکم ترین شرح ہے۔ یہ بات معروف بروکریج ہائوس ٹاپ لائن سکیورٹیز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہی ہے۔

رپور ٹ کے مطابق سال 2025کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 3.54فیصدتک ہوسکتی ہے جوسال 2024میں 13.13فیصد تھی۔دسمبرمیں مہنگائی کی شرح 5.75فیصد سے لے کر6.25فیصد تک رہنے کا امکان ہے جو نومبر میں 6.15فیصد اور گزشتہ سال دسمبرمیں 4.07فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں مجموعی طور پر اشیائے خوراک کی قیمتوں میں کمی ہوئی تاہم سیلاب کے بعد سال کے آخری مہینوں میں اشیائے خوراک کی قیمتوں میں بتدریج اضافے کا رجحان رہا۔

دسمبرمیں اشیائے خوراک کی قیمتوں میں 1.4فیصد کی کمی متوقع ہے جس کی بنیادی وجہ آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں 15 سے لے کر25فیصد تک کی کمی ہے۔ٹرانسپورٹ کی قیمتوں میں استحکام برقرار رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ بین الاقوامی منڈیوں میں اشیائے خوراک کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں مہنگائی کا منظرنامہ بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔