اسلام آباد میں آئی سی سی آئی اور پی بی پی سی یو اے ای کے اشتراک سے یومِ قومی متحدہ عرب امارات کی شاندار تقریب منعقد

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل (پی بی پی سی) یو اے ای نے مشترکہ طور پر متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا ۔بدھ کے روز چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے اپنے خطاب میں متحدہ عرب امارات کی قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات لازوال اور بے مثال ہیں جو باہمی اعتماد اور مشترکہ اقتصادی شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں ۔ انہوں نے سرمایہ کاری اور انسانی امداد کے ذریعے پاکستان کی حمایت میں متحدہ عرب امارات کے مستقل کردار کو سراہتے ہوئے تجارتی روابط کے مزید فروغ کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر کوآرڈینیٹر برائے راس الخیمہ اور فجیرہ انجینئر محمد جاوید کی دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا جنہوں نے اپنی تنظیم کی کارکردگی اور دونوں ممالک کے عوام اور کاروباری برادری کو قریب لانے بارے سیر حاصل گفتگو کی۔تقریب میں ممتاز کاروباری رہنمائوں اور کمیونٹی کے نمائندوں کی بڑے پیمانے پر شرکت دیکھنے میں آئی۔اپنے ریمارکس میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تیزی سے ٹھوس اقتصادی مواقع میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی بی پی سی اور آئی سی سی آئی جیسے مشترکہ پلیٹ فارم دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے، ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔سابق صدر محمد اعجاز عباسی اور دیگر مقررین نے اجتماعی طور پر اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جس کا مقصد باہمی اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری میں توسیع اور علاقائی استحکام پر مرکوز ہے ، تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی ایک شاندار تقریب کے ساتھ ہوا جس میں تمام حاضرین کی شرکت نے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔حاضرین میں نمایاں شخصیات ڈی آئی جی علی محسن نقوی، سی ای او بی ای ای انرجی انٹرپرائز، محمد اسامہ، چیئرمین پاکستان قومی یکجہتی کونسل نسیم احمد عثمانی، شیخ ساجد، ایگزیکٹو ممبران راجہ محمد نوید ستی، ملک محسن خالد، وائس چیئرمین انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن مرزا محمد علی، آئی سی سی آئی ممبر اسرار الحق مشوانی اور دیگر شامل تھے۔