اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر)خرم سرفراز خان کا آئی سی سی آئی کا دورہ، پاکستان اور اردن کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سٹااف رپورٹر)اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر)خرم سرفراز خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود سے ملاقات کی جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی ) روابط کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ فریقین نے تجارتی وفود کے تبادلوں اور عوام سے عوام کے روابط میں اضافہ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان بی ٹو بی روابط کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا سفیر خرم سرفراز خان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان۔اردن مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کا 10 واں اجلاس جو 4، 5 فروری 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا ،کو اقتصادی اور تجارتی شعبوں سمیت دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان 2024 میں دوطرفہ تجارت 51.29 ملین امریکی ڈالر کے لگ بھگ رہی جو کہ حقیقی صلاحیت سے بہت کم تھی۔

انہوں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے آئی سی سی آئی کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔اپنے خیرمقدمی کلمات میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان اور اردن کا موجودہ تجارتی حجم دونوں معیشتوں کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتا اور متعلقہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ذریعے کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اردن کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت کا ایک اہم چیمبر ہونے کے ناطے پاکستان اور اردن کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے بی ٹو بی میٹنگز، کاروباری وفود اور کاروباری مواقع سے متعلق کانفرنسوں کے انعقاد کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گا تجارت، سرمایہ کاری، برآمدات اور مشترکہ منصوبوں کے لئے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے دواسازی، زراعت اور زرعی مصنوعات، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل اور ملبوسات، چمڑے کی اشیاء ، آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات، تعمیراتی مواد، انجینئرنگ کے سامان، قابل تجدید توانائی، سیاحت اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں کی نشاندہی کی۔آئی سی سی آئی کی سینئر قیادت بشمول سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر عرفان چوہدری، اور ایگزیکٹو ممبر میاں شوکت مسعود نے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع، ریگولیٹری فریم ورک اور اردن کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شراکت داروں کو راغب کرنے کے لئے سہولت کاری کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات کی موثر ترسیل کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی سی سی آئی سسٹر سٹیز انیشی ایٹو کمیٹی کے کنوینر ساجد اقبال نے شرکا ء کو کمیٹی کی تشکیل اور اس کے جاری اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جن کا مقصد کاروبار کی نئی راہیں تلاش کرنا، شہر سے شہر تعاون کو فروغ دینا اور بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال اور آئی سی سی آئی کے ممبر اسرار الحق مشوانی بھی موجود تھے۔