راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے شہر کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے جی بی او چوک صدر پر پہلی بار پیڈیسٹرین سگنل نصب کر دیا گیا ، اس جدید سہولت کا مقصد پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ٹریفک کے نظام کو مزید منظم بنانا ہے، تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی کاوش سے شہریوں کی سہولت اور سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیڈسٹرین سگنل نصب کیا گیا چونکہ جی پی او چوک صدر کا ایک مصروف ترین مقام ہے اور یہ سگنل پیدل چلنے والوں کو محفوظ طریقے سے سڑک عبور کرنے میں مدد فراہم کرے گا اور ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری لانے اور حادثات سے بچاؤ میں معاون ثابت ھو گا، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کی طرف ایک قدم ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے.
ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ پیڈیسٹرین سگنلز کی تنصیب کا دائرہ دیگر اہم مقامات تک بڑھایا جائے گا تاکہ تمام پیدل افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں، اس اقدام کے ذریعے شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کے رجحان کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے، پیڈیسٹرین سگنلز کا مقصد نہ صرف پیدل چلنے والوں کی حفاظت ہے بلکہ ڈرائیورز کے لیے بھی ایک واضح رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں ، وسائل بروئے کار لائے ھیں اور ایک مثالی ماڈل پیش کیا ھے جو دیگر شہروں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہو سکتا ہے، جی پی او چوک پر پیڈیسٹرین سگنل کی تنصیب پیدل افراد کو سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے.
چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جدید سہولت کا احترام کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پیڈیسٹرین سگنلز کا استعمال کریں۔ انہوں نے اس اقدام کو عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن قرار دیا اور کہا کہ شہریوں کی شمولیت سے ہی ہم محفوظ اور منظم ٹریفک کا خواب پورا کر سکتے ہیں، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عوامی آگاہی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز بھی کیا ہے جس کے تحت شہریوں کو پیڈیسٹرین سگنلز کے استعمال کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، یہ مہم سوشل میڈیا، ٹی وی، اخبارات ،CTP ایف ایم ریڈیو، اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری رہے گی، یہ اقدام سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ شہریوں کی سہولت، سلامتی، اور بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، یہ منصوبہ راولپنڈی شہر کو ایک جدید اور محفوظ شہر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔