ہیلمٹ، سائیڈ ویو مررز، انڈیکیٹرز اور فرنٹ و بیک لائٹس کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)موٹرسائیکل سواروں کی حفاظت کے لیے سخت کریک ڈاؤن اور آگاہی مہم کا آغاز ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کے خصوصی احکامات پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے ہیلمٹ، سائیڈ ویو مررز، انڈیکیٹرز اور فرنٹ و بیک لائٹس کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے حادثات کی روک تھام اور قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی جانب سے ضلع بھر کے ٹریفک سٹاف کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ شہریوں کو موٹرسائیکل کے حفاظتی لوازمات کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ ، جس کے تحت بغیر سائیڈ مررز اور انڈیکیٹرز کے موٹرسائیکل چلانے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی.

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، جس میں شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ ہیلمٹ، انڈیکیٹرز اور سائیڈ ویو مررز کے استعمال سے حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے ، موٹرسائیکل سواروں کو چاہیے کہ وہ دوران سفر ہیلمٹ، سائیڈ مررز اور انڈیکیٹرز کا لازمی استعمال کریں تاکہ حادثات سے محفوظ رہ سکیں ، شاہراہوں پر ہونے والے حادثات میں زیادہ تر کیسز موٹرسائیکل سواروں کے ہوتے ہیں ، اگر موٹرسائیکل سوار حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کریں تو قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔