کراچی (کرائم رپورٹر )منی لانڈرنگ کے خلاف ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ ونگ کی مربوط کاوشیں تیزی سے جاری ہیں۔ ایف آئی اے نے اپنی تحقیقات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کی درخواست پر خصوصی سیل قائم کر دیا ہے، جس کا مقصد منی لانڈرنگ کے تمام ریفرنسز کو فوری اور شفاف انداز میں نمٹانا ہے۔
منی لانڈرنگ ریفرل یونٹ اب تمام ریفرنسز براہ راست ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ ونگ کو بھجوانے کا پابند ہوگا، جس سے تحقیقات میں بروقت پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔ یہ قدم ملک میں منی لانڈرنگ کی روک تھام اور مالیاتی شفافیت کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کے درمیان مربوط تعاون جاری ہے، جس کے تحت ایف آئی اے اینٹی کرپشن کے افسران کو منی لانڈرنگ تحقیقات پر خصوصی تربیت بھی فراہم کرے گا۔ اس تربیت میں جدید تحقیقاتی تقاضے اور ریفرل سسٹم کو بہتر بنانے کے طریقے شامل ہوں گے۔
یہ تمام اقدامات فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کی ہدایات کے مطابق اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ منی لانڈرنگ کی روک تھام اور مالیاتی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لیے یہ کاوشیں اس ادارے کی اولین ترجیح ہیں اور وہ اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔
اس مربوط حکمت عملی سے توقع کی جا رہی ہے کہ ملک میں مالیاتی جرائم کے خاتمے اور معیشت کی سالمیت کے تحفظ میں نمایاں پیش رفت ہو گی۔