آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا وفاقی دارلحکومت میں امن و امان ،سکیورٹی انتظامات اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کا جائزہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا وفاقی دارلحکومت میں امن و امان ،سکیورٹی انتظامات اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کا جائزہ آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو وفاقی دارلحکومت میں مجموعی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے ، سرچ آپریشنز کرنے اور انسداد دہشت گردی کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی سکیورٹی محمد عتیق طاہر، ڈی آئی جی لاءاینڈ آرڈر/ٹریننگ ملک جمیل ظفر، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی، اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے امن و امان، سکیورٹی انتظامات، انسداد دہشت گردی کے اقدامات، داخلی و خارجی راستوں، اہم سرکاری عمارات، سفارت خانوں اور عوامی مقامات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت دی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو مزید سخت، سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو تیز اور مشکوک افراد و سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے،غیر قانونی مقیم افراد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف معلومات اکٹھی کر کے بروقت کارروائی کی جائے، جبکہ دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے ،شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے سیف سٹی اسلام آباد اور نادرا حکام کے ساتھ میٹنگ کی، جس میں شہریوں کے تحفظ، جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، ڈیٹا شیئرنگ کے نظام اور سمارٹ پولیسنگ کے فروغ سے متعلق اقدامات پر تفصیلی جائزہ لیا.

انہوں نے ہدایت دی کہ نادرا کے ساتھ معلومات کے بروقت تبادلے کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے، سیف سٹی کیمروں سے حاصل شدہ ڈیٹا کو نادرا کے ڈیٹا بیس سے منسلک کیا جائے تاکہ مشکوک افراد کی فوری شناخت ممکن ہو سکے اور نادرا کی تکنیکی مدد سے شہریوں کو پولیس کی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کی جائے، آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ پولیس، نادرا اور سیف سٹی کے درمیان مو¿ثر کوآرڈینیشن سے سکیورٹی نظام مزید مضبوط اور شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی، انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ جذبے، فوری ردِعمل اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ اسلام آباد کو محفوظ ترین دارالحکومت بنایا جا سکے.