ڈی ایس پی عبدالستار اسلام آباد پولیس سے 40 سالہ شاندار خدمات کے بعد ریٹائر، آئی جی اور ساتھی افسران نے خراجِ تحسین پیش کیا

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ڈی ایس پی عبدالستار اسلام آباد پولیس سے 40سال محکمانہ سروس کے بعد ریٹائرڈ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی ایس پی عبد الستار کے ساتھ ملاقات کی، انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے پولیس آفیسر کی طویل خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور محکمہ سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی سپرٹینڈنٹ آف پولیس عبد الستار اسلام آباد پولیس میں 40سال محکمانہ سروس کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے، انسپکٹرجنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی ایس پی کے ساتھ ملاقات کی، انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے پولیس آفیسر کی محکمہ پولیس کے لئے طویل خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور محکمہ سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عبد الستار جیسے افسران ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران انصاف، قانون پسندی اور عوامی خدمت کے اعلیٰ معیار قائم کئے ، ان کی تجربہ کاری اور قابلیت سے مزید استفادہ کے لئے اسلام آباد پولیس کے انوسٹی گیشن وِنگ میں ان کی خدمات لی جائیںگی،انہوں نے ریٹائرڈ پولیس افسر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اعزازی پولیس شیلڈ سے بھی نوازا،ریٹائرڈ ہونے والے ڈی ایس پی عبد الستار کے اعزاز میں ایس پی صدر آفس میں بھی الودائی تقریب منعقد ہوئی .

اس موقع پر ایس پی صدر زون کاظم نقوی ،ایس ڈی پی اوز ،ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران موجود تھے، ایس پی صدر زون نے ریٹائر ڈ ہونے والے پولیس افسرکی محکمہ پولیس کے لئے کی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے جس نے سروس شروع کی وہ ایک دن ریٹائرڈ بھی ہو گا،آپ نے ایک لمبا عرصہ محکمہ پولیس کی خدمت کی ہے، دوران سروس ہم سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ ایسے کام کئے جائیں جس سے آپ کا نام روشن ہو اور آپ کے کردار کو اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے،ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ سروس کے دوران زیادہ سے زیادہ عوامی خدمت کرکے اللہ کی خوشنودی حاصل کی جائے،انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے اپنا زندگی کا قیمتی حصہ محکمہ پولیس میں گزار کر عوام کی خدمت کی، اس کے بدلے محکمہ پولیس نے بھی آپ کو عزت،وقار اور ایک مقام دیا جس پر آپ کو اللہ کا شکر گزار ہونا چاہیے.