آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا ناکوں کا دورہ ناکہ جات پر تمام انتظامات اور چیکنگ کے عمل کی خود نگرانی کی،ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملاقات کی

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اچانک ناکوں پر پہنچ گئے ناکہ جات پر تمام انتظامات اور چیکنگ کے عمل کی خود نگرانی کی،ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملاقات کی ،فرائض میں غفلت ناقابلِ برداشت، سخت احکامات جاری کئے، عام شہریوں سے براہ راست گفتگو کی ،مسائل سنے اورفوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آ باد سید علی ناصر رضوی رات گئے اچانک ناکوں پر پہنچ گئے، فرائض منصبی کی ادائیگی پرمامور اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی ان کی حوصلہ افزائی کی اور سروس ڈلیوری کو مزید موثر بنانے کیلئے اہم ہدایات دیں،اس موقع پر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے،آئی جی اسلام آبادنے ناکہ جات پر تمام انتظامات اور چیکنگ کے عمل کی خود نگرانی کی اورعام شہریوں سے براہ راست گفتگو بھی کی اورمسائل سنے اورفوری حل کیلئے احکامات جاری کئے،انہوں نے خود جوانوں کے ساتھ سڑکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ بھی کی .

آئی جی اسلام آباد نے سینئر افسران کو ہدایات جاری کی کہ فرائض کی ادائیگی میں پیشہ ورانہ ذمہ داری، نظم و ضبط اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے ،اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و امان میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی اور شہریوں کی جان و مال اور نجی وسرکاری املاک کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ مجھے آپ سب پر فخر ہے جیسے آپ انتھک محنت اور بہادری کے ساتھ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنارہے ہیں.