کراچی ائرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کا اہم ملزم گرفتار

کراچی:(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے ایک بڑی کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ اور بین الاقوامی فراڈ کے نیٹ ورک کا اہم ملزم گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت زین اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کمبوڈیا میں انسانی سمگلنگ کے منظم گینگ میں ملوث پایا گیا ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ستمبر 2024 میں پاکستان سے کمبوڈیا گیا تھا، جہاں اس نے ایک آن لائن فراڈ کمپنی میں کام کیا اور بعد ازاں پاکستان میں افراد کو بھرتی کرنے کے لیے ایجنٹ کے طور پر کام کرتا رہا۔

ملزم کے زیر استعمال موبائل فون کے تجزیے کے دوران متعدد افراد کے پاسپورٹس کی تصاویر، ادائیگیوں کی رسیدیں اور بینک اکاؤنٹس سے ہونے والی ٹرانزیکشنز برآمد ہوئیں۔ مزید یہ کہ ملزم نے رقوم ذاتی بینک اکاؤنٹس اور کریپٹو اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کیں گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک انسانی بھرتی یا سمگلنگ کے نیٹ ورک سے دور رہیں اور معلومات فراہم کریں۔