لاہور: (سی این پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا۔ وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 140 روپے 82 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 109 روپے53 پیسے فی لٹر ہو گی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 107 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 5 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 137 روپے 62 پیسے فی لٹر ہو گئی۔ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہو گا۔،وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوتی رہیں تو عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کریں گے۔ واضح رہے کہ 30 نومبر کو حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت 145 روپے 82 پیسے فی لٹر پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ڈیزل کی قیمت 142 روپے62 پیسے فی لٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مٹی کے تیل کی قیمت116 روپے 53 پیسے فی لٹر برقرار رہے گی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 114 روپے 7 پیسے فی لٹر کی سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔