سپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے

حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس 28 جنوری کو طلب

اسلام آباد ۔حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیموں کا چوتھا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 28 جنوری کو اجلاس منعقد کرنے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔

یہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹیٹیوشن روم میں پونے بارہ بجے ہوگا اور اس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق کریں گے۔ نوٹس کے مطابق، یہ ایک ان کیمرا اجلاس ہوگا۔

اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے حکومت کو کمیشن بنانے کا اعلان کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات معطل کیے ہیں، اس لیے حکومت کو کم از کم یہ بتانا چاہیے کہ کمیشن کے قیام کی سمت میں پیش رفت ہو رہی ہے۔

دوسری جانب، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت سے چوتھی ملاقات سے پہلے جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ کمیشن بننے سے پہلے چوتھے راؤنڈ میں شرکت نہیں کی جائے گی۔

دریں اثنا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جوڈیشل کمیشن نہ بننے پر مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے کمیٹی نے اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔