وزیراعظم کی زیر صدارت مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس منعقد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وزیراعظم کی زیر صدارت مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کی جانب سے IT اور مصنوعی ذہانت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم مصنوعی ذہانت کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے مزید مؤثر، شفاف اور تیز تر بنایا جائے گا ، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کے دوران ڈیٹا پروٹیکشن، ڈیٹا سورینیٹی اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ AI کا استعمال عوامی بھلائی، معاشی ترقی اور سماجی بہتری کے لیے ہو۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت کے فروغ اور نفاذ کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ مختلف اداروں اور ماہرین کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی قائم ہو سکے ، اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت AI ایڈوائزری پینل تشکیل دے رہی ہے جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین شامل ہوں گے تاکہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے ، اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خرم، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب، متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران اور ٹیکنالوجی ماہرین نے شرکت کی ، وزیراعظم نے اجلاس کے اختتام پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے پاکستان کو جدید دنیا کے ہم پلہ لانے کا وقت آ چکا ہے، اور حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی کہ یہ ٹیکنالوجی ہر شہری کی زندگی میں بہتری لانے کا ذریعہ بنے۔