اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور ایران نے نشریات، فلم، میڈیا ریگولیشن اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مرحلے کی علامت ہیں۔ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران براڈ کاسٹنگ (آئی آر آئی بی) اور پاکستان کے پانچ بڑے میڈیا اداروں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی)، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، باکس آفس پرائیویٹ لمیٹڈ، سب ٹی وی نیٹ ورک اور وی ایس ایچ ٹی وی کے درمیان یہ معاہدے طے پائے۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، آئی آر آئی بی ورلڈ سروس کے نائب صدر احمد نوروزی، ایرانی وفد کے معزز اراکین، وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر افسران اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ایران کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام کی ترقی، استحکام اور خوشحالی ہمارا مشترکہ وژن ہے، آج میڈیا کے شعبے میں تعاون عملی شکل اختیار کر چکا ہے، معاہدے میڈیا کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران سے آنے والے معزز مہمانوں کو چشم ماروشن دل ماشاد کہہ کر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا حالیہ دورہ پاکستان بہت مفید ثابت ہوا ہے، سارے پاکستان نے دیکھا کہ وہ سب سے پہلے لاہور میں علامہ محمد اقبال کے مزار پر گئے، یہ اس بات کا اظہار تھا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے نہ صرف پاکستانی مسلمانوں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ ہمارے گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دونوں ممالک کے میڈیا کے مابین تعاون کے فروغ پر خوشی ہے کیونکہ ہمارا مقصد لوگوں کی کامیابی اور خوشحالی ہے۔ دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے دورے کے دوران ہمیں یوں محسوس ہوا کہ ہم اپنے دوسرے گھر آ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی مضبوط اقوام ہیں، جب ایران پر حملہ ہوا تو پاکستانی قوم اور حکومت نے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا بہت متحرک ہے جس نے دنیا کو دکھایا کہ ایرانی عوام کس مقصد کے لیے کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن اور آئی آر آئی بی، پیمرا اور ایرانی ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط خوش آئند ہیں۔ ان معاہدوں سے میڈیا کے شعبے میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فلسفہ اور نظریات کا گہرا تعلق ہے، یہی وجہ ہے کہ علامہ محمد اقبال ایران میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں جتنا کہ پاکستان میں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی علم کے ساتھ ساتھ عمل پر بھی زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب علم کو عمل کے ساتھ مربوط کر دیا جائے تو یہ آپ کو خود انحصاری کے سفر پر لے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے خود انحصاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو مضبوط بنایا۔ وفاقی وزیر نے میڈیا کے شعبہ میں تعاون کو مضبوط بنانے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آج جن معاہدوں پر دستخط کئے جا رہے ہیں ان معاہدوں کو عملی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بھی تعاون کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر نے بھارت کے ساتھ ہونے والی حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک معرکہ میدان جنگ میں برپا تھا اور دوسری جانب سفارتی جنگ جاری تھی، اس کے علاوہ بیانیہ کی جنگ بھی لڑی جا رہی تھی جس پر بھارتی حیران تھے کیونکہ جنگ سنجیدگی کی متقاضی ہوتی ہے۔ یہ وہ وقت تھا جب پوری قوم اکٹھی ہوئی۔
انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل ڈیجیٹل میڈیا کا ہے۔ ہم ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال پر ایک ڈرامہ سیریز تیار کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اقبال کے فلسفے اور تعلیمات کے بارے میں مزید بتانا چاہیے، فارسی اور اردو زبانوں میں یہ ڈرامہ سیریز درحقیقت ہمارے لوگوں اور خاص طور پر نوجوان نسل کی شخصیت سازی میں بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں نے اپنے والد اور اپنے دادا کو فارسی میں بات کرتے دیکھا، فارسی گھر گھر بولی جانے والی زبان تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا کے شعبے میں تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ انہوں نے ایرانی قیادت کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے خلوص کے ساتھ مسلسل کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات اور پبلک ڈپلومیسی کے میدان میں ذہین قیادت نے ہمارے دونوں ممالک کے درمیان یادگار تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کے لوگ اور حکومت ہمیشہ اس دوستی اور بھائی چارے کو یاد رکھیں گے۔
آج آپ سب کی اجتماعی کوششوں سے ہم دونوں مالک کے درمیان میڈیا کے شعبہ میں شاندار تعاون کا مظاہرہ دیکھ رہے ہیں۔ ایرانی وفد کے سربراہ نائب صدر و ہیڈ آف آئی آر آئی بی ورلڈ سروس احمد نوروزی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں گرم جوش میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے صدر کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا بالخصوص سرکاری میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات اب ایک نئے اور متحرک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال، قائد اعظم محمد علی جناح اور سید علی حمدانی جیسی مشترکہ شخصیات ہمارے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ علامہ اقبال پر فلم یا سیریل کی پروڈکشن کی تجویز ایران کی جانب سے رکھی گئی اور اس کی پاکستان کو پیشکش کی گئی یقینا اس بابت یہ اقدام ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کے نئے باب اور نئی راہیں کھول سکتا ہے۔ ایرانی ٹی وی چینلز کی پاکستان میں نشریات بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں مہیا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی آر آئی بی پاکستان میں تکنیکی معاونت اور ضروری تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ تعاون نہ صرف حکومتی بلکہ نجی شعبے میں بھی قائم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے آلات ہمارے ملک میں مقامی طور پر بنائے جاتے ہیں جو بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہیں۔ آئی آر آئی بی یونیورسٹی میڈیا کے شعبے میں نئی نسل کو تربیت فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، خاص مہارت کے کورسز، بین الاقوامی ورکشاپس اور پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد سے یونیورسٹی تعلیم و تحقیق کے شعبے میں مزید تعاون کے لیے کام کر سکتی ہے۔ قبل ازیں پاکستان اور ایران کے درمیان براڈ کاسٹنگ، فلم، میڈیا ریگولیشن اور ثقافتی تبادلے میں تعاون کو بڑھانے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ آئی آر آئی بی اور پاکستانی میڈیا اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں کا مقصد نشریات، تربیت، مواد کی تیاری اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پی ٹی وی اور آئی آر آئی بی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے تحت دونوں براڈ کاسٹر ادارے ٹیلی ویژن پروگراموں کا تبادلہ کریں گے اور خبروں و ثقافتی مواد کو مشترکہ طور پر تیار کریں گے۔ دونوں فریق مشترکہ تربیتی کورسز کا بھی اہتمام کریں گے اس کے علاوہ تکنیکی مہارت کا بھی اشتراک کیا جائے گا اور ایک دوسرے کے میڈیا ایونٹس اور ثقافتی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ یہ معاہدہ تین سال کے لئے ہے جو خود بخود قابل تجدید ہے۔ SATRA اور پیمرا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاکستان اور ایران کے درمیان ریگولیٹری تعاون کو مضبوط بنانا ہے جس کے تحت معلومات کے تبادلے، تحقیقی شراکت اور میڈیا مینجمنٹ، مواد کی نگرانی اور پالیسی سازی کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیئے جائیں گے۔
دونوں ممالک نے خبر، ثقافت اور نوجوانوں کے پروگراموں کو خصوصی اہمیت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ آئی آر آئی بی اور باکس آفس پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت سینی پیکس میڈیا گروپ کے ذیلی ادارے کے ذریعے پنجاب فلم سٹی کے تحت فلمی صنعت کے تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت آئی آر آئی بی سینماٹو گرافی، ایڈیٹنگ ، سیٹ ڈیزائن سمیت دیگرتکنیکی شعبوں میں مشاورت، تربیت اور معاونت فراہم کرے گا اور مشترکہ فلمی پروڈکشن اور ثقافتی سفارت کاری کے فروغ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
آئی آر آئی بی اور سب ٹی وی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا مقصد نشریاتی تعاون، مشترکہ پروڈکشن اور عملے کی تربیت کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ادارے سالانہ رابطہ اجلاس منعقد کریں گے اور مشترکہ مواد کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ آئی آر آئی بی اور وی ایس ایچ ٹی وی کے درمیان تعاون کا مقصد مقامی چینل کو ایرانی میڈیا کے اشتراک سے فروغ دینا ہے تاکہ عوامی سطح پر بہتر باہمی رابطے کو تقویت مل سکے۔




