صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری سے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نےقطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کی۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات دوسری ورلڈ سمٹ برائے سماجی ترقی کے موقع پر دوحہ میں ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ تاریخی، ثقافتی اور لسانی رشتوں پر مبنی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے 2024ء میں دستخط شدہ سٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں گہرائی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاسا 1000منصوبے کی بحالی مشترکہ خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

صدر مملکت نے تاجکستان کو پاکستان کے ذریعے تجارت اور روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے اور براہ راست پروازوں کی بحالی پر غور کی دعوت دی۔ انہوں نے اگست 2025ء میں ہونے والی مشترکہ فوجی مشق ’’دوستی‘‘II-کو سراہا اور دفاعی تعاون و استعداد کار میں معاونت کی پیشکش کی۔

دونوں رہنمائوں نے خطے اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ تاجکستان کے صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو تاجکستان کے دورے کی دعوت دی جو صدر مملکت نے قبول کرلی۔ خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے قطر میں سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔