انفارمیشن گروپ کے سابق سیکرٹریز کے فورم کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)انفارمیشن گروپ کے سابق سیکرٹریز کے فورم نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی ایک ممتاز ماہر تعلیم، کہنہ مشق پارلیمنٹیرین اور ممتاز میڈیا شخصیت تھے۔ منگل کو اسلام آباد کلب میں انفارمیشن گروپ کے ریٹائرڈ سیکرٹریز کے فورم کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔ فورم نے سینیٹر عرفان صدیقی کی قومی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اراکین نے اعتراف کیا کہ صحافت اور قومی امور میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان کے گہرے تجزیات اور علمی کاوشوں نے پاکستان کے فکری اور سیاسی مباحث کو گہرائی عطا کی۔ اراکین نے یاد کیا کہ ماضی میں سینیٹر عرفان صدیقی فورم کے مہمان کے طور پر شریک ہوئے تھے اور انہوں نے فورم کو ایک “تھنک ٹینک” کے طور پر کام کرنے کی ترغیب دی تھی تاکہ اجتماعی دانش کو قومی پالیسی سازی اور عوامی مباحث میں بروئے کار لایا جا سکے۔ اراکین نے کہا کہ ان کے خیالات اور رہنمائی آج بھی فورم کے لیے مشعل راہ ہیں۔ اجلاس کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا جس میں مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور سینیٹر عرفان صدیقی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔