صدر مملکت آصف علی زرداری کو چار ممالک کے سفراء نے اپنی اسناد سفارت پیش کیں

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری کو چار نئے تعینات ہونے والے سفراء نے ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب کے دوران اپنی اسناد سفارت پیش کیں، صدر مملکت نے سفیروں کو تعیناتی پر مبارکباد دی اور اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تقرریاں پاکستان کے ان چار ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق جن سفیروں نے اسناد سفارت پیش کیں ان میں آسٹریلیا کے نئے تعینات ہائی کمشنر ٹم کین، ماریشس کے نئے تعینات ہائی کمشنر منسو کرمباکس، ڈنمارک کی نو مقررہ سفیر میجا مورٹینسن اور متحدہ عرب امارات کے مقررہ سفیر سالم محمد سالم البواب الزعبی شامل ہیں۔

ایوان صدر آمد پر پاکستان کی مسلح افواج کے ایک چاق و چوبند دستے نے سفیروں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سفراء کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی تقرریاں پاکستان کے ان چار ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گی آسٹریلیا کے نئے تعینات ہائی کمشنر سے بات چیت کے دوران صدر مملکت نے آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے زراعت اور خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی جہاں آسٹریلیا میں پاکستانی طلبہ کی ایک بڑی تعداد موجود ہے انہوں نے عوام سے عوام کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا جس میں کھیلوں کا مشترکہ جذبہ شامل ہے اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کے درمیان خیر سگالی کو فروغ دینے کے کردار کی تعریف کی۔ماریشس کے نئے تعینات ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم دوستی کے رشتوں جن کی بنیاد گہری ثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ کامن ویلتھ ورثہ پرمحیط ہیں، کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

صدر مملکت نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، دفاعی تعاون اور باہمی پارلیمانی تعلقات کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈنمارک کی نئی تعینات سفیر سے بات چیت کے دوران صدر مملکت نے ڈنمارک کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی تعریف کی۔ انہوں نے تجارت، زراعت، ڈیری مصنوعات، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی انہوں نے پاکستان کے گرین ٹرانزیشن اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت کے ایجنڈے پر ڈنمارک کی حمایت کی تعریف کی۔ متحدہ عرب امارات کے نئے تعینات سفیر سے گفتگو میں صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا جہاں پاکستان 1971ء میں متحدہ عرب امارات کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور خطے میں امن و خوشحالی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی یہ تاریخی تعلقات اس برادرانہ رشتے کی پہچان ہیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوطرفہ تجارت، سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اوور سیز پاکستانیوں کو دونوں ممالک کے درمیان پل قرار دیا اور ان کے کردار کو اجاگر کیا۔صدر مملکت نے چاروں سفیروں کے لیے ان کی تعیناتی کی مدت کی کارکردگی کے حوالے سے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں باہمی فوائد اور خوشحالی کے لیے مضبوط دوطرفہ اور کثیرالجہتی شراکت داریوں کا باعث بنیں گی۔