پاکستان سکھ برادری کے مقدس مقامات کے لیے مکمل تعاون اور سہولیات یقینی بنا رہا ہے: وزیراعظم شہباز

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات اور گردواروں کی دیکھ بھال اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ میں مقیم سکھ برادری کی تنظیم کے صدر جسدیپ سنگھ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت ساجد تارڑ بھی موجود تھے وزیراعظم نے پاکستان آمد پر جسدیپ سنگھ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کے بہت سے مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں، دنیا بھر سے سکھ برادری کے افراد مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے آتے ہیں اور پاکستان ان کی مہمان نوازی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان آنے والی سکھ برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، یہ ہمارے لئے فخر کا باعث ہے کہ پاکستان سکھ برادری کے مقدس مقامات اور گردواروں کی دیکھ بھال اور یہاں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان میں مقیم سکھ برادری کی فلاح و بہبود اور دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ سمندر پار پاکستانیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کی ترقی و خوشحالی اور ملک کا نام روشن کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جسدیپ سنگھ نے پاکستان میں بہترین میزبانی اور سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔