پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسزمتاثر، کلاؤڈفلیئر اور ایکس ٹویٹر کی عالمی سطح پر بندش پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں. پی ٹی اے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ وہ کلاؤڈفلیئر اور ایکس ٹویٹر کی عالمی سطح پر بندش پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ منگل کوجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور کلاؤڈ فلیئر کو متاثر کرنے والی بڑی عالمی خرابی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ پی ٹی اے عالمی سروس فراہم کنندگان اور مقامی آپریٹروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سروسز کے مکمل طور پر بحالی تک صورتِحال کی نگرانی جاری رہے گی۔

علاوہ ازیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسزمتاثرہوئی ہیں۔اس حوالے سے انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کلاؤڈ فلیئر کمپنی کا بیان بھی سامنے آ گیاجس میں کہا گیا کہ مسئلے کو حل کرنے پر کام کر رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا سائٹس، اے آئی سروسز اور ایمازون ویب سروسز کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ سروس ڈاؤن ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں انٹرنیٹ سروسز متاثرہونے سے میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشن بھی سست روی کا شکار ہیں، انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔اِسی طرح دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے واٹس ایپ پر پیغامات ڈاؤن لوڈ نہ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔