وزیر اعظم شہباز شریف کا سری لنکا میں سمندری طوفان سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار، متعلقہ اداروں کو سری لنکا میں امدادی کارروائیوں کیلئے بھرپور معاونت کی ہدایت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سری لنکا میں سمندری طوفان سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سری لنکا میں امدادی کارروائیوں کے لیے بھرپور معاونت کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سری لنکا میں سمندری طوفان “ڈٹواہ” سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سرچ اینڈ ریسکیو مرحلے کے بعد پاکستان متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گا۔ اجلاس کو پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں بارے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستان سے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کل سری لنکا روانہ ہو گی، کمرشل بحری جہاز کے ذریعے مزید امدادی سامان بھی کل روانہ ہو گا۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پاک بحریہ کا جہاز سیف سری لنکا میں تعیناتی کے دوران سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سر گرمیوں میں مصروف ہے، پاک بحریہ کے جہاز پر موجود ہیلی کاپٹر نے سری لنکا میں پانچ دنوں سے پھنسے خاندان کو بچا لیا تھا۔ بریفنگ کے مطابق پاکستان سری لنکا میں ریلیف اور ریسکیو کا کام جاری رکھے گا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔