اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت مسلم لیگ (ن) کی پولیٹیکل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر نجیب نقی،سینئر نائب صدر مشتاق منہاس، سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزادکشمیر کی ترقی اور وہاں کے عوام کو سہولیات فراہم کرنا مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے،مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر کی قیادت پارٹی کو منظم اور متحرک کرنے کے لئے بھرپور کردار ادا کرے، اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان مسلم لیگ (ن )محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ یہی وہ جماعت ہے جو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف آزادکشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔




