لاہور (بیورو رپورٹ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی اداروں،فورسز اور بلوچستان پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کارروائی میں تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی جانب سے امن و امان خراب کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ اس سال بلوچستان میں 700 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جو کہ دہشتگردی کے خلاف بڑی کامیابی ہے ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔




