اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدرِمملکت آصف علی زرداری نے ایل وائی-80 (این) میزائل اور لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربے پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ہفتہ کو ایوانِ صدر کے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے پاک بحریہ کو شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب اور جامع مشق پر مبارکباد دیتے ہوئے پاک بحریہ کے جدید فضائی دفاعی، سطح سے فضا میں حملہ کرنے والے اور خودکار نظاموں کی مؤثر کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ خودکار سطحی جہاز کے کامیاب اوپن سی ٹرائلز کو ملک کی سمندری حدود کے دفاع کے لیے اہم پیش رفت ہے. صدرِمملکت نے پاک بحریہ کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کی تعریف کی۔




