ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو معاشی مواقع میں بدلنے پر کام کرنا ہو گا .گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو معاشی مواقع میں بدلنے پر کام کرنا ہو گا،مقامی حکومتیں نوجوان تنظیموں کے ساتھ مل کر گرین پاکستان منصوبہ کو عملی جامع پہنائیں، نئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے امید ہے صوبے کے میگا پراجیکٹس پر توجہ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کواقرا یونیورسٹی اسلام آباد میں نیشنل کلائمیٹ کانفرنس آف یوتھ 2025 سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا مقابلہ اجتماعی عزم اور عملی اقدامات سے ہی ممکن ہے،ہمیں اپنے نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے محاذ پر قائدانہ کردار ادا کرنے کیلئے تیار کرنا ہو گا،ہم نے نوجوانوں کو ماحولیاتی پالیسیوں اور پائیدار ملکی ترقی کا مرکز بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا براہِ راست سامنا کر رہا ہے،خیبرپختونخوا میں رواں برس ماحولیاتی تبدیلی کے بڑے نقصان دہ اثرات دیکھنے کو ملے،ہمیں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو معاشی مواقع میں بدلنے پر کام کرنا ہو گا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوان صرف سٹیک ہولڈرز نہیں بلکہ مستقبل کے قائدین ہیں،مقامی حکومتیں نوجوان تنظیموں کے ساتھ ملک کر گرین پاکستان منصوبہ کو عملی جامع پہنائیں،ٹھوس اور قابل عمل اقدامات کے ذریعے منصوبوں کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے ڈیڑھ سالہ دور میں مسائل حل نہیں ہوئے ۔گورنر نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا سے امید ہے صوبے کے میگا پراجیکٹس پر توجہ دیں گے۔بانی پی ٹی آئی سے وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا کی ملاقات ایک عدالتی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کا اجلاس بلایا جارہا ہے ۔پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے 27 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر 6 تاریخ کوپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس بلایا ہے اس میں پارٹی 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے فیصلہ کرے گی