وزیر گڑھی میں معمر خاتون اور 8 سالہ بچی کے اندھے قتل کا معمہ حل، مرکزی ملزم گرفتار، آلۂ قتل برآمد

نوشہرہ (کرائم رپورٹر)تھانہ پبی کے علاقہ وزیر گڑھی میں پیش آنے والے 50 سالہ معمر خاتون اور 8 سالہ کمسن بچی کے اندھے قتل کا معمہ حل ،قتل کی سفاکانہ واردات گھریلو تنازعۂ مستورات کا شاخسانہ نکلا، مرکزی ملزم گرفتار کرلیا گیا جبکہ آلۂ قتل بھی اس کی نشاندہی پر برآمد کرلیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تفصیلات کے مطابق:. SP انوسٹی گیشن ریشم جہانگیر نے اپنے دفتر میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مورخہ 08-11-2025 کو تھانہ پبی پولیس کو مسمی امیر الرحمن ولد اطلس خان ساکن تیراہ حال وزیر گڑھی کی جانب سے رپورٹ موصول ہوئی کہ ان کی معمر والدہ جان بی بی اور 8 سالہ بچی مناہل لکڑیاں چننے کے لیے اپنے آبائی علاقے ثانی گھڑی گئی تھیں جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دونوں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا۔

ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ نے میری سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں ایس ڈی پی او پبی عدنان اعظم، ایس ایچ او پبی اشفاق احمد اور تفتیشی افسر اسرار خان SI/IO شامل تھے۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی کہ وہ اصل حقائق تک پہنچنے، ملزمان کی فوری گرفتاری اور آلۂ قتل کی برآمدگی کو یقینی بنائے تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد جمع کیے اور جدید تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کو آگے بڑھایا۔ اسی دوران مقدمہ کا اہم رخ سامنے آیا جس کے نتیجے میں مرکزی ملزم حامد اللہ ولد معیز خان ساکن باڑہ خیبر حال وزیر گڑھی کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے دوران انٹروگیشن اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ معمر خاتون کے ساتھ دیرینہ گھریلو تنازعہ تھا جس پر اس نے طیش میں آکر خاتون کو قتل کیا، جبکہ کمسن مناہل اس واقعے کی عینی شاہد تھی۔ ثبوت مٹانے اور گرفتاری سے بچنے کی خاطر ملزم نے بچی کو بھی قتل کر ڈالا ملزم کی نشاندہی پر الہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ شریکِ جرم دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور جلد تمام پہلوؤں کو منظر عام پر لایا جائے گا