پشاور (سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈاکٹر عالم زیب مہمند کی قیادت میں پیپلز پارٹی مہمند کے ایک نمائندہ وفد نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔ ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق وفد نے ضلع مہمند کے عوام کو درپیش مختلف مسائل خصوصاً نادرا انکوائری بورڈ اسٹیشن کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ نادرا انکوائری بورڈ اسٹیشن ضلع چارسدہ میں واقع ہے، جہاں ضلع مہمند کے شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے120 کلومیٹر طویل سفر کر کے جانا پڑتا ہے۔
وفد نے علاقہ طور خیل میں ہائی، مڈل سکول ، ڈسپنسری اور ویٹرنری ڈسپنسری ، لنک روڈ کی تعمیر،اپر مہمند کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی، مسمار شدہ گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے عملی اقدامات جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کے تمام مطالبات اور مشکلات کو توجہ سے سنتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کےمنصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے نادرا انکوائری بورڈ اسٹیشن کے قیام کے مطالبے کو بجا قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر معاملے کا جائزہ لینے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ تعلیم،صحت، مواصلات، پانی کی فراہمی اور متاثرہ گھروں کی بحالی سے متعلق مطالبات پر محکمہ جاتی سطح پر پیش رفت یقینی بنائی جائے گی۔وفد نے مسائل پر خصوصی توجہ دینے اور عملی اقدامات کی یقین دہانی پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔



