اسلام آباد ۔حکومت نے سمگلنگ کے خلاف کوششیں تیزکر دیں،سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سمگلنگ کے انسداد کے لئے تمام سرکاری اداروں کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرنے کے لئے تین اکتوبر کو ایس آر او میں ترمیم کر دی گئی۔ماضی میں سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں جرمانہ ادا کرکے چھڑا لی جاتی تھیں۔ ایس آر او میں ترمیم سمگلنگ کو ختم کرنے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ سمگلنگ کی وجہ سے عرصہ دراز سے ملک کی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔ سمگلنگ میں ملوث گاڑیوں کو جرمانہ ادا کرکے چھڑانے کا آپشن ختم کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرکے مستقل طور پر بند کیا جائے گا،اس نئے اقدام کی بدولت پاکستان اپنی معاشی سرحدوں کو محفوظ بنانے کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔حالیہ ترمیم اُن اقدامات کا حصہ ہے جو ملک کی معیشت کی سالمیت کے تحفظ کے لئے کئے جا رہے ہیں۔