نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پی آی اے کی پہلی پرواز مسقط روانہ

گوادر۔نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آج بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 197 صبح 9:41 پر 39 مسافروں کے ساتھ مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔ مسقط سے یہ اے ٹی آر طیارہ پی کے 198 کے طور پر دوپہر کو گوادر واپس آئے گا۔

ترجمان کے مطابق گوادر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے مقامی حکام نے مسافروں کو رخصت کیا۔ ابتدائی طور پر پی آئی اے مسقط کے لیے ہفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی اور فضائی آپریشن کو مزید فعال بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ یہ طیارہ کراچی سے پرواز پی کے 503 کے طور پر گوادر پہنچا تھا اور دوپہر 2 بجے گوادر سے کراچی کے لیے پرواز پی کے 504 کے طور پر روانہ ہوگا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کا آغاز 20 جنوری کو ہوا تھا۔ فی الحال، قومی ایئر لائن کی پروازیں ہی اس ایئرپورٹ سے چلائی جا رہی ہیں۔ ایئرپورٹ پر ایئر بس اور بوئنگ طیارے بھی لینڈ کر سکتے ہیں، تاہم کم مسافروں کی وجہ سے فی الحال اے ٹی آر طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مسافروں کی تعداد میں اضافے پر گوادر کے لیے ایئر بس طیارے بھی چلائے جائیں گے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیا تھا، اور اسلام آباد سے گوادر پہنچنے والی پہلی پرواز کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا تھا۔