اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر پاور سردار اویس احمد خان لغاری کانیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC) کے جاری منصوبوں کی کارکردگی جائزہ اجلاس میں خراب کارکردگی پر نوٹس کے نتیجے میں این ٹی ڈی سی بور ڈ نے فرائض سے غفلت برتنے اور غیر ضروری تاخیر کی وجہ بننے والے افسران بشمول ایک ڈیپٹی مینجنگ ڈائریکٹر، دو (2)جنرل مینجرز، ایک چیف فنانشل آفیسر اور تین (3) چیف انجینئرز کو ا و ایس ڈی اور موجودہ پوزیشنوں سے ہٹا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے چند روز قبل این ٹی ڈی سی کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے جائزہ اجلاس میں ان منصوبوں میں غفلت اور تاخیر پر نوٹس لیا تھا۔ وفاقی وزیر نے جائزہ اجلاس کے دوران ہی این ٹی ڈی سی کے بورڈ کو ان منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے اور ان میں تاخیر و غفلت پر فوری انکوائری کرنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے پرزور دیا تھا۔
وفاقی وزیر پاور ڈیژن نے این جی سی بورڈ کوجاری منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر کے خلاف زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کرنے اور تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پرزور دیا۔ کیونکہ تاخیر کی وجہ سے مُلک کو اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
این ٹی ڈی سی بورڈ نے اجلاس میں کمپنی کی کارکردگی پر تبادلہ خیال اور تنظیمی کارروائیوں کو بہتر بنانے اور منصوبے کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں دیرینہ کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کی۔
زمینی حقائق کی بنیاد پراین ٹی ڈی سی بورڈ نے کمپنی کے پلانگ ونگ جس کے سربراہ ڈیٹی مینجنگ ڈائریکٹر،دو جنرل مینجرز اور چیف فنانشل آفیسر کواس غفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے فوری او ایس ڈی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ، فرائض میں غفلت کی بنیاد پر تین (3) چیف انجینئرز کو بھی انکے موجودہ عہدوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ مینجرز، ڈیپٹی مینجرز اور دیگر عملے پر بھی ذمہ داری عائد کرنے اور ان کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے مینجنگ ڈائریکٹر کو دو ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے.