کراچی(سٹاف رپورٹر )پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے اپنے ایس ایم ای لیویٹ پروگرام کے تحت کراچی میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد ٹیکسٹائل کی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (SMEs) کو عالمی مارکیٹ کے لیے تیار کرنا تھا۔ ورکشاپ میں بتایا گیا کہ کس طرح ایس ایم ایز پی ایس ڈبلیو کی آن لائن سہولتوں اور ڈیجیٹل سسٹم سے فائدہ اٹھا کر اپنی برآمدات بڑھا سکتی ہیں اور عالمی منڈیوں میں مقابلہ کر سکتی ہیں۔ لاہور اور سیالکوٹ کے بعد یہ سیشن کراچی میں منعقد کیا گیا۔
ورکشاپ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP)، پاکستان کسٹمز، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، گیٹز فارما اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔ سیشنز میں ایس ایم ایز کی ایکسپورٹ کے لیے تیاری کے اہم پہلوؤں پر گفتگو کی گئی جن میں ریگولیٹری کمپلائنسز، نئے خریداروں اور مارکیٹس کو جاننے کے لیے ڈیٹا اینالیٹکس اور اے آئی کا استعمال، فری ٹریڈ ایگریمنٹس (FTAs) اور ڈیجیٹل سی او اوز کے فوائد، ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیمز سے فائدہ اٹھانا، ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے لاگت میں کمی اور منافع میں اضافہ، عالمی برانڈ امیج قائم کرنا اور فنانس تک بہتر رسائی شامل تھے۔ مالیاتی اداروں، تجارتی تنظیموں اور سرکاری ایجنسیوں کو اکٹھا کرکے ورکشاپ نے ایس ایم ایز کو عملی علم اور ٹولز فراہم کیے تاکہ وہ تجارتی چیلنجز پر قابو پا سکیں، کمپلائنس کو مضبوط بنا سکیں اور بین الاقوامی مارکیٹس میں مسابقتی صلاحیت بہتر بنا سکیں۔
اس موقع پر پی ایس ڈبلیو نے ایک اہم سنگِ میل کا اعلان کیا، یعنی ٹریڈ لیب کے آغاز کا، جو پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ای-لرننگ پلیٹ فارم ہے۔ یہ پلیٹ فارم ilmX نے تیار کیا ہے، اور اس پلیٹ فارم پر بین الاقوامی تجارت، کسٹمز کے عمل، انٹرنیشنل مارکیٹنگ اور برانڈنگ، ایکسپورٹ پروسیجرز اور ای کامرس پر خصوصی کورسز دستیاب ہیں۔ یہ جدید ای-لرننگ پلیٹ فارم ایک اہم قدم ہے جو ایس ایم ایز بشمول خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباروں کو وہ سہولتیں فراہم کرتا ہے، جو نہ صرف انہیں عالمی سطح پر پھیلنے میں مدد دیں گی بلکہ پائیدار کامیابی کے حصول کے لیے بھی معاون ثابت ہوں گی۔
“ایس ایم ایز پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتی ہیں، اور اگر انہیں درست رہنمائی اور جدید ترین ڈیجیٹل ٹولز فراہم کیے جائیں تو ہم اس صلاحیت کو تاجر برادری اور ملکی معیشت کی خوشحالی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں،” پی ایس ڈبلیو کے چیف ڈومین آفیسر نوید عباس میمن نے کہا۔ “پی ایس ڈبلیو میں ہمارا وژن یہ ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے نیشنل ریگولیشنز کی کمپلائنس کو آسان بنائیں، خاص طور پر کراس بارڈر ٹریڈ اور متعلقہ سروسز کے لیے۔ SMElevate کے ذریعے ہم اس وژن کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں، تاکہ ایکسپورٹ کی تیاری بہتر ہو اور پاکستان کی معاشی ترقی اور عالمی مسابقت میں اضافہ ہو۔”
آرٹسٹک ملینرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیئرمین یعقوب احمد نے بطور مہمانِ خصوصی ورکشاپ میں شرکت کی اور SMElevate کے ذریعے ایس ایم ایز کی ایکسپورٹ تیاری کو مضبوط بنانے میں پی ایس ڈبلیو کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا: “پائیدار کامیابی کبھی راتوں رات حاصل نہیں ہوتی، یہ ان بنیادوں پر قائم ہوتی ہے جو ہمیشہ مضبوط رہتی ہیں۔ ہر کاروبار کو تین بنیادی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے: مہارت، محنت، اور دیانتداری۔ دیانتداری کے بغیر کامیابی دیرپا نہیں ہو سکتی۔ یہی دیانتداری ہے جو ترقی کو توانائی دیتی ہے اور ایس ایم ایز کو عالمی رہنماؤں میں بدل دیتی ہے۔