اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان ریلوے اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے درمیان تاریخی معاہدہ — آمدنی کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے کی جانب اہم قدم پاکستان ریلوے اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے مابین ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ریلوے کی آمدنی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب میں وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، ریلوے کے سینئر حکام اور نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس معاہدے کے نتیجے میں ریلوے کی آمدنی کے تمام ذرائع کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا تاکہ مالی امور میں شفافیت، تیز رفتاری اور مؤثریت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ اس نظام کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ون لنک روزانہ تین مرتبہ ریلوے کی وصولیاں براہِ راست قومی خزانے میں منتقل کریں گے، جو جدید مالی نظم و ضبط کی بہترین مثال ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ون لنک 40 بینکوں پر مشتمل کنسورٹیم ہے جو ملک بھر کے مالیاتی اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت جوڑے گا۔ اس ڈیجیٹل اقدام کے ذریعے مسافر اب اے ٹی ایم، موبائل ایپ، انٹرنیٹ بینکنگ، بینک برانچز، نادرا ای سہولت مراکز، ڈیبیٹ کارڈ اور کیو آر کوڈ کے ذریعے باآسانی ٹکٹ خرید سکیں گے ، وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یہ قدم پاکستان ریلوے کی تاریخ کا سنگِ میل ہے اور وزیرِاعظم پاکستان کے کیش لیس وژن کی حقیقی مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیش لیس سسٹم سے ادائیگی کا عمل شفاف، مؤثر اور تیز تر ہو گا۔
چیئرمین ریلوے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ریلوے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے ادارے کی مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی ، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن، اسٹیٹ بینک، ون لنک اور فِن نیٹ کے تعاون سے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے، جو عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی کی سمت ایک بڑا قدم ہے ، وزیر ریلوے نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے کا یہ نیا ڈیجیٹل نظام نہ صرف شفافیت میں اضافہ کرے گا بلکہ عوام کے لیے بہتر اور آسان ٹکٹنگ کے تجربے کی ضمانت بھی فراہم کرے گا.




