اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے کہا ہے کہ ملک سیلاب اور قدرتی آفات کا شکار ہے، پی پی پی نے ہمیشہ ملک کی بہتری کے لئے کام کیا ہے اور جمہوریت کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار منگل کو پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان،سینیٹر پلوشہ خان،سینیٹر وقارمہدی اور سینیٹر مسرور احسن نے پی پی پی سنٹرل سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ ملک سیلاب اور قدرتی آفات کا شکار ہے، ، پی پی پی وفاق کی علامت ہے اور صوبوں میں مینڈیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیانیے کو پاش پاش کرنے والے بلاول بھٹو زرداری ہیں، ہم آج بھی مانتے ہیں کہ مودی کا جو یار ہے غدار ہے، ہم اتحاد کا حصہ اس لئے بنے ہیں کہ جمہوریت قائم رہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ہم سب کا ہے، ہم آج بھی سب کی عزت کرتے ہیں،ہم نے تجاویز دی ہیں تنقید نہیں کی۔
سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ پی پی پی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، ہم نے کبھی صوبائیت کا نعرہ نہیں لگایا، ہم نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے، ہم نے ہمیشہ تہذیب کی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی بہتری کے لئے کام کیا ہے، ہم عوامی لوگ ہیں اور ہم عوام کا حصہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے لیڈر ہیں، انہوں نے بیشتر ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر کئے، ملک کی خدمت کی، پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلوایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی سلامتی چاہتے ہیں اور پاک فوج کے ساتھ ہیں ، وقار مہدی نے کہا کہ ہم نے گذشتہ سیلاب کے دوران سندھ میں بینظیر انکم سپورٹ پرگرام کے ذریعے 28 لاکھ لوگوں کی مدد کی، یہ واحد پروگرام ہے جس میں ڈیٹا موجود ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے زرعی ایمرجنسی کی بات کی ، مسرور احسن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی بقا اور استحکام کی سیاست کر رہی ہے ، جمہوریت کو لے کر چل رہے ہیں ، ہم وفاق کی پارٹی ہیں، ہم نے ملک کی خاطر قربانیاں دی ہیں، ہماری پارٹی چاروں صوبوں میں ہے۔ سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ پی پی پی نے جمہوریت کے لئے قربانی دی ہے، ہم نے تو صرف کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے عوام کی مدد کریں۔




