پاکستان میں پہلی بار کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح، گوگل نے مقامی سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان میں ڈیجیٹل اور صنعتی ترقی کی جانب ایک تاریخی قدم کے طور پر، حکومت پاکستان اور گوگل نے ملک کی پہلی کروم بک اسمبلی لائن کے افتتاح اور پاکستان میں اپنی مقامی موجودگی مضبوط کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ یہ تقریب وزیر اعظم ہاؤس آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس کا افتتاح نائب وزیر اعظم پاکستان، جناب اسحاق ڈار نے کیا۔ تقریب میں وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی، وزارت دفاعی پیداوار، اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل (SIFC) کے اعلیٰ حکام کے علاوہ گوگل اور اس کے پارٹنر ٹیک ویلی کی نمائندگی کرنے والے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔

اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان کو ایک ڈیجیٹل، AI-ریڈی اور مساوی مواقع فراہم کرنے والا ملک بنانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔ گوگل کی پاکستان میں مقامی سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ ہمارے ملک کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کا عملی ثبوت اور قومی فخر کی بات ہے ، وزیر برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی، محترمہ شازہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ مقامی ہارڈویئر کی تیاری کے ساتھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے اوزار فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔

وزیر دفاعی پیداوار، جناب رضا حیات نے کہا کہ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشنز کارپوریشن (NRTC) نے کروم بک اسمبلی لائن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جو مقامی معیشت کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ، گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر، جناب فرحان قریشی نے کہا کہ کمپنی پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری، مہارت اور جدت کو بڑھا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو AI اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں یہ اسمبلی لائن ہر سال 2026 تک 5 لاکھ کروم بکس تیار کرے گی، جو تعلیمی اور عوامی شعبے کے لیے محفوظ، معیاری اور سستے ہوں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی صنعت، تکنیکی تربیت اور روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے ، یہ منصوبہ پاکستان کے ڈیجیٹل نیشن وژن اور قومی AI پالیسی کے اہداف کو تقویت دے گا اور عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبے میں اعتماد فراہم کرے گا۔