اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک گیر منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری، 2 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (اے پی پی):اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک گیر منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون میں 3 کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان گرفتار کر کے 2کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 209.83 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق رنگ روڈ پشاور پر یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 230 گرام وزنی 350 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر لی گئیں،گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں میں حضرو ٹول پلازہ اٹک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 9.6 کلوگرام چرس جبکہ نوکنڈی ڈسٹرکٹ چاغی میں 200 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔