چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا رہنما مسلم لیگ ن عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ منگل کو اپنے بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے سینیٹر عرفان صدیقی کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم اور دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں.

انہوں نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی مدبر، زیرک و بااصول سیاسی رہنما کے ساتھ ساتھ علم، تدبر اور شائستگی کی پہچان تھے،انہوں نے علم و ادب اور سیاست میں اعلیٰ اقدار کو فروغ دیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ قومی سیاست میں عرفان صدیقی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ،انہوں نے برداشت، مکالمے اور تحمل کا درس دیا، مرحوم کی علمی و فکری میراث آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہو سکے گا، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔