اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی زیرِ صدارت بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ای-کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ای-کچہری کا مقصد عوام کی آواز براہِ راست سننا، ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانا تھا۔ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس سیشن میں ملک بھر سے 39 کالرز نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سے رابطہ کیا اور اپنے مسائل بیان کئے۔
ای-کچہری میں بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر جنرلز اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی تاکہ عوامی شکایات کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔شکایات میں زیادہ تر مسائل ری سروے، بائیومیٹرک تصدیق، پروگرام میں اندراج اور وظائف کی وصولی سے متعلق تھے۔ چیئرپرسن نے تمام شکایات کو بغور سنا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی مقام پر بی آئی ایس پی عملے کی جانب سے بے ضابطگی یا ناانصافی کا سامنا ہو تو متاثرہ افراد فوری طور پر رپورٹ کریں تاکہ متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور ادارہ شفافیت، دیانتداری اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔



