بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا رجسٹرڈ مستحق خواتین کیلئے سوشل پروٹیکشن والٹ کا اجراء

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف کے کیش لیس اکانومی کے وژن کے تحت بی آئی ایس پی کی جانب سے ایک کروڑ مستحق خواتین کو مفت سمز کی فراہمی شروع ہو گئی۔بی آئی ایس پی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے سماجی تحفظ کے وژن اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کیلئے نیا پیمنٹ ماڈل متعارف کرا دیا ہے اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ سوشل پروٹیکشن والٹ کھلوانے کے لیے مستحق خواتین کو اپنا اصل شناختی کارڈ اور زیر استعمال موبائل فون لے کر قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا کیمپ سائٹ پر جانا ہوگا جہاں ان کی بائیومیٹرک تصدیق کے بعد انہیں بالکل مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سم کے عوض کسی کو بھی پیسے نہ دیئے جائیں، کیونکہ یہ مکمل طور پر مفت ہے۔ یہی سم سوشل پروٹیکشن والٹ کھولنے کے لیے استعمال ہوگی۔ انہوں نے خواتین کو یہ ہدایت بھی کی کہ وہ بی آئی ایس پی کے علاوہ کسی اور ذریعے سے اکائونٹ نہ کھلوائیں اس اقدام کے تحت رقوم کی ادائیگی کے موجودہ نظام کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنایا جائے گا۔چیئرپرسن نے کہا کہ مستقبل میں بی آئی ایس پی کی تمام اقساط اور وظائف اسی ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے جاری کیے جائیں گے جبکہ رقم کی آمد سے متعلق تمام پیغامات بھی اسی سم پر موصول ہوں گے انہوں نے کہا کہ یہ سم محض ایک سم نہیں بلکہ خواتین کا ڈیجیٹل بٹوہ ہے اور انہیں اس کی حفاظت اپنے بٹوے کی طرح کرنی چاہیئے۔ یہ منصوبہ پاکستان کی ہر مستحق خاتون کو مزید بااختیار اور خود مختار بنانے کی سمت ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یاد رہے کہ تمام خواتین 31 دسمبر تک اپنی اپنی سمز بی آئی ایس پی دفاتر یا متعلقہ کیمپ سائٹس سے وصول کر لیں۔