وفاقی وزیر شزا فاطمہ کی ملیشیا و آذربائیجان کے وزرا سے اہم ملاقاتیں، ڈیجیٹل تعاون اور ای-گورننس پر شراکت داری پر اتفاق

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ورلڈ ٹیلی کمیونی کیشن ڈویلپمنٹ کانفرنس (WTDC) کے دوران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے ملیشیا کے وزیرِ مواصلات احمد فہمی محمد فاضل سے اہم ملاقات کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور ملیشیا کے مضبوط تعلقات اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو سراہا وزیر شزا نے کہا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل وژن، ملیشیا کے MyDigital Blueprint سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی انڈسٹری، 600,000 سے زائد ٹیک پروفیشنلز اور آئی سی ٹی شعبے کی استعداد کو ایک بڑی طاقت قرار دیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور ملیشیا کے ICT ایکسپورٹس کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ شزا فاطمہ نے دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل پالیسی ڈائیلاگ شروع کرنے کی پیشکش بھی کی۔

وفاقی وزیر نے AI، ڈیٹا سائنس اور IoT میں ٹیلنٹ موبیلیٹی اور اسکل الائنمنٹ کے فروغ کی تجاویز دیں جبکہ سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل کونٹینٹ کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی مزید برآں، وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے آذربائیجان کے Asan Xidmet سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے شہری خدمات کے ماڈل کو بہترین ڈیجیٹل گورننس کی مثال قرار دیا۔ پاکستانی وفد کو ای-گورننس، شہری سروس ڈیلیوری اور ڈیجیٹل انٹیگریشن کے ماڈلز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی وفاقی وزیر نے Asan Xidmet میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ آذربائیجان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان ڈیجیٹل تعاون، ٹیکنالوجی شراکت داری اور عوامی خدمات کے تبادلے کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ شہری مرکوز ڈیجیٹل سروسز پاکستان کے ڈیجیٹل ریفارمز کا بنیادی حصہ ہیں، اور اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے بعد ملک بھر میں Asan Xidmet جیسے شہری خدمت مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔