پاکستان اور آذربائیجان کا ڈیجیٹل تعاون بڑھانے پر اتفاق، وفاقی وزیر شزا فاطمہ کی امریکی ایف سی سی کمشنر سے بھی اہم ملاقات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان کی وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے آذربائیجان کے وزیرِ ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ و ٹرانسپورٹ رشاد نبیئیف سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل تعاون اور ٹیکنالوجیکل شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور ڈیجیٹل شعبے میں بڑھتی اسٹریٹجک شراکت داری کو سراہا۔

وزیر شزا نے آذربائیجان کے “Azerbaijan 2030” ڈیجیٹل ہب وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ وژن ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی ایک بہترین مثال ہے۔ انہوں نے پاکستان کے مضبوط آئی ٹی ٹیلنٹ اور 200 ملین سے زائد ٹیلی کام صارفین کو ملک کی بڑی طاقت قرار دیا، جو پاکستان کو تیزی سے ابھرتا ہوا ریجنل ڈیجیٹل ہب بناتے ہیں۔

ملاقات میں GovTech شعبے میں تعاون، بالخصوص آذربائیجان کے معروف ASAN Xidmet سٹیزن سروس ماڈل کو پاکستان میں متعارف کرانے پر گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرا نے فِن ٹیک، اسمارٹ سٹیز اور خصوصی GovTech ٹیلنٹ ٹریننگ پروگرامز میں بھی تعاون کے امکانات پر بات کی۔ اس کے علاوہ، پاکستان اور آذربائیجان نے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ایکسچینج پروگرام کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ جدت اور سرحد پار کاروباری ترقی کو تقویت مل سکے۔

وفاقی وزیر شزا فاطمہ کی امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (FCC) کی کمشنر اولیویا ٹرسٹی سے بھی اہم ملاقات ہوئی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی ایکسپورٹ پارٹنر ہے۔

وزیر شزا نے ایف سی سی کے عالمی ریگولیٹری کردار اور اثر و رسوخ کو سراہا اور پاکستان میں جاری ریگولیٹری اصلاحات کو اجاگر کیا، جن کا مقصد ملک کو ایک ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل ہب کے طور پر مضبوط کرنا ہے۔

ملاقات میں سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل فراڈ کے خلاف مشترکہ فریم ورک کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر شزا نے خصوصاً AI، سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا سائنس میں امریکی تعلیمی اداروں سے تربیتی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

یہ ملاقاتیں پاکستان کی بین الاقوامی ڈیجیٹل شراکت داریوں کو مضبوط بنانے اور طویل المدتی ٹیکنالوجیکل وژن کو آگے بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوئیں۔