پاکستان کا پہلا عالمی مقابلہ حسن قرأت اختتام پذیر ہو گیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان کا پہلا عالمی مقابلہ حسن قرأت اختتام پذیر ہو گیا ۔ اول ،دوئم اور سوئم آنے والوں کا اعلان ہفتہ 29 نومبر کو اختتامی تقریب میں کیا جائے گا۔جمعرات کو کنونشن سنٹر میں عالمی مقابلہ حسن قرأت کا فائنل منعقد ہوا جس میں گذشتہ تین دنوں کے دوران دنیا کے 37 اسلامی ممالک کے قرأ میں سے عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی کی سربراہی میں قائم ججز کمیٹی نے 10 قرأ کے نام ٹاپ ٹین کے لئے منتخب کئے تھے۔

جمعرات کو فائنل مقابلہ میں بنگلہ دیش کے محمد میزان الرحمان،شام کے محمد سعد عید،ایران کے عدنان مومنین خمیسی،مراکش کے ایوب الا، عراق کے مصطفیٰ عماد حمید الحمدان، ترکیہ کے طیب ہوس، ملائیشیا کے ایمان رضوان بن محمد رملان ،انڈونیشیا کے الہام محمود، افغانستان کےعبدالرب ایوبی اور پاکستان کے قاری عبدالرشید نے حصہ لیا ۔

واضح رہے کہ عالمی مقابلہ حسن قرأت کا آغاز پیر 24 نومبر کو ہوا تھا جس میں دنیا کے 37 ممالک کے 25 سے 35 سال کی عمر کے قرأ حضرات نے حصہ لیا۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق اول ،دوئم اور سوئم آنے والوں کا اعلان اختتامی تقریب میں کیا جائے گا جو 29 نومبر کو ہو گی جس میں پوزیشن ہولڈرز کو انعامات اور اعزازات سے نوازا جائے گا ۔