اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے سیکٹر G-9 میں تعمیر ہونے والے پاکستان آسان خدمت سینٹر کا دورہ کیا۔ سنٹر آذربائیجان کے تعاون اور وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن ویژن کے تحت جدید انداز میں شہری سہولت کے لیے قائم کیا جا رہا ہے، جس کا فیز اس وقت تکمیلی مراحل میں ہے ، وفاقی وزیر کو شہری مرکوز سروس ڈلیوری، انٹیگریٹڈ عوامی خدمات اور ٹیکنالوجی پر مبنی فیسلیٹیشن ماڈل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شزا فاطمہ خواجہ نے جاری ترقیاتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر نے کہا کہ یہ مرکز عوام اور حکومت کے درمیان براہ راست رابطے کو مؤثر، آسان اور شفاف بنانے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنٹر وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن ویژن کے مطابق بین الاقوامی معیار کے مطابق شہری خدمات فراہم کرے گا اور عوام کو وسیع پیمانے پر سرکاری خدمات ایک ہی چھت کے نیچے میسر آئیں گی ، شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کے ڈیجیٹل گورننس ماڈل کو مضبوط بنانے کے لیے ایسے فیسلیٹیشن سینٹرز کلیدی کردار ادا کریں گے اور یہ منصوبہ عوامی خدمت، ڈیجیٹل اصلاحات اور جدید حکومتی سروس ڈیلیوری کے نئے دور کی بنیاد رکھ رہا ہے۔



