کراچی(بیورو رپورٹ)سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 30 نومبر کو 58 سال مکمل کر رہی ہے۔ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں پیپلز پارٹی کے کارکن کیک کاٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے مختلف مقامات پر ڈجیٹل اسکرینیں لگائی جائیں گی ، جن پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا خطاب براہِ راست نشر کیا جائے گا تاکہ عوام پارٹی کی 58سالہ جدوجہد اور خدمات کے حوالے سے براہِ راست دیکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کے لئے جو قربانیاں، کارنامے خدمات سرانجام دیئے ہیں، ان کی مثال دنیا بھر میں نہیں ملتی، پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کی ایٹمی طاقت کی بنیاد قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی، جنہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا، قومی شناختی کارڈ کا اجراء، ملک بھر میں تعلیمی اداروں کا قیام ان کے دور حکومت میں ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دی اور خواتین کی مضبوط آواز بنیں جبکہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ملک کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے وزیر خارجہ کی حیثیت سے بھارت میں کشمیر کا مقدمہ جرات کے ساتھ پیش کیا، ان کے سر کی قیمت مقرر ہونے کے باوجود وہ پیچھے نہیں ہٹے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں کوئی سیاسی جماعت اکیس لاکھ گھر مفت نہیں بنا رہی، پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سیلاب متاثرین کے لئے 21لاکھ گھر بنا رہی ہے اور خواتین کو ان کے مالکانہ حقوق دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے سستی بجلی تھر کے کوئلے سے بنائی جارہی ہے، تھر کول سے ملک کو سب سے سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے، ماہرین بھی تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان میں سب سے سستی بجلی تھر کے کوئلے سے ہی تیار کی جاسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا جہاز عبرتناک طریقے سے گرایا اور بھارتی پائلٹ کو چائے پلا کر واپس بھیجا، بھارت خود کو سپر پاور کہلاتا ہے مگر پاکستان نے اسے فیصلہ کن جواب دیا، جس کے بعد بھارت دنیا میں رسوا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگیں بھی لڑ رہا ہے اور کئی چیلنجز کا سامنا بھی کر رہا ہے، لیکن ہماری فورسز نے ہمیشہ بھارت کو شکست دی ہے۔



