وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منور مغل کانفرنس ہال کا افتتاح

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے آج اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) میں منور مغل کانفرنس ہال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کاروباری برادری، تاجران، صنعتکاروں اور چیمبر کے عہدیداران نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے چیمبر کی دعوت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ICCI کے ساتھ ان کا تعلق برسوں پر محیط ہے، جو آج مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے منور مغل مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کاروباری برادری کی یکجہتی، رہنمائی اور فلاح کے لیے گراں قدر کردار ادا کیا وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی موثر قیادت کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر وہ وقار اور پذیرائی مل رہی ہے جو ماضی میں کبھی میسر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا دارومدار صنعت و زراعت پر ہے، اس لیے بلند شرحِ محصولات میں کمی، کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور مقامی صنعتوں کو سہولیات دینا ناگزیر ہو چکا ہے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ معاشی سمت درست ہے اور ملک میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں، تاہم چند عناصر منفی پروپیگنڈا کر کے قومی حوصلے کو متاثر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

وفاقی وزیر نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحاتی اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا، جن میں شامل ہیں:
• آر ڈی ایم سی کے ساتھ روہڑی–نوکنڈی ٹریک کی اپ گریڈیشن کا معاہدہ
• ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کراچی–روہڑی سیکشن کی بہتری کا منصوبہ
• بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے مفت وائی فائی سروس
• لاہور–راولپنڈی ریلوکارز کی مکمل اپ گریڈیشن
• ٹرین آپریشنز میں “ٹرین ہوسٹس” سروس کا آغاز
• راولپنڈی میں پاکستان کا پہلا سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن قائم
• ایف ڈبلیو او کے اشتراک سے 184 جدید اے آئی کیمروں کی تنصیب
• کراچی ریلوے اسٹیشن کو پاکستان ریلوے کی تاریخ کا بہترین اسٹیشن قرار دیا گیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے جدید خطوط پر استوار ہو رہا ہے، جہاں ڈیجیٹائزیشن، آٹومیشن، ای-ٹکٹنگ سسٹم کی بہتری، ڈیجیٹل فریٹ مینجمنٹ، اے آئی پر مبنی سیکیورٹی مانیٹرنگ اور آئی ٹی انضمام کے ذریعے آپریشنز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن تیزی سے جاری ہے، اورکراچی، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور لودھراں ریلوے اسٹیشنز جدید سہولیات کے ساتھ مکمل طور پر اپ گریڈ کیے جا چکے ہیں وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ریلوے ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے اسکولز اور اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ کے تحت ملازمین کے بچوں کے لیے مفت معیاری تعلیم اور ملازمین کے لیے جدید طبی سہولیات یقینی بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اوپن آکشن سسٹم کے نفاذ سے محکمے کی سروسز میں بہتری اور آمدن میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے ، اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور ہم سب پر اس کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنا لازم ہے۔
انہوں نے پاک فوج کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے دعا کی