پاکستان کا سری لنکا کے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف آپریشن، این ڈی ایم اے پہلی امدادی کھیپ اور آرمی سرچ ریسکیو ٹیم روانہ کرے گا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستانی عوام کی جانب سے سری لنکا کے سیلاب متاثرین کے لیے یکجہتی کا عملی ثبوت سامنے آیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سری لنکا کے سیلاب زدگان کے لیے پہلی امدادی کھیپ اور آرمی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم روانہ کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں این ڈی ایم اے کی پہلی امدادی کھیپ میں سری لنکا کے لیے 100 ٹن امدادی سامان شامل ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان آرمی کے تعاون سے کل 45 رکنی آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی روانہ کی جائے گی۔ این ڈی ایم اے نے کل نور خان ایئر بیس سے سی-130 طیارے کے ذریعے سامان اور ریسکیو ٹیم بھیجنے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے، لیفٹنینٹ جنرل انعام حیدر، امدادی سامان کی روانگی کی نگرانی کریں گے۔ امدادی سامان میں ریسکیو کشتیاں، پمپس، لائف جیکٹس، ٹینٹ، کمبل، دودھ، خوراک اور ادویات شامل ہیں۔ مزید برآں، این ڈی ایم اے سری لنکا کے سیلاب متاثرین کے لیے فلیڈ ہسپتال بھی بھجوائے گا این ڈی ایم اے نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سری لنکا کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری رکھے گا۔