اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے ملاقات کی، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صنعت، سی ای او انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایکٹنگ سی ای او سمیڈا اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے نمائندے بھی شریک تھے ملاقات میں چیمبر کے کاروباری مسائل اور پشاور میں مختلف سیکٹرز میں موجود مواقع پر گفتگو کی گئی۔ صدر سرحد چیمبر نے کہا کہ جیم اسٹونز، فارما اور دیگر شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں لیکن پروڈکٹس کی فِنشنگ، سہولیات کی کمی اور ایکسپورٹ کی مشکلات کاروبار پر منفی اثر ڈال رہی ہیں۔ پشاور ایکسپو سینٹر کی منظوری میں تاخیر اور ہائی ٹیکسیشن، یوٹیلٹی اخراجات کی زیادہ قیمتیں بھی ایس ایم ایز کے لیے چیلنج بن گئی ہیں۔
سرحد چیمبر نے کہا کہ سیکیورٹی مسائل اور بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای اسکیم کی عدم فراہمی کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہیں معاون خصوصی ہارون اختر خان نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سرحد چیمبر کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے اور وزارت صنعت کی پالیسیاں معیشت کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور قزاقستان سے پاکستان تک نئی ریلوے لائنز کے کاروبار کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی، اور کنیکٹیویٹی سے سیکیورٹی، انفراسٹرکچر اور انڈرسٹرکچرل مسائل حل ہوں گے ہارون اختر خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو تجاویز پیش کرنے اور مختلف کمیٹیوں کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ہدایت دی۔ صدر چیمبر نے وزیراعظم اور ہارون اختر خان کی صنعتی ترقی کے لیے کاوشوں کو سراہا۔



