اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خصوصی احکامات پر اور سری لنکا کی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی امداد کی اپیل پر پاکستان نے سری لنکا میں سائیکلون “ڈٹواہ” سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے 200 ٹن انسانی امدادی سامان روانہ کر دیا ہے این ڈی ایم اے نے فوج اور وزارتِ خارجہ کے تعاون سے اس امدادی قافلے کو تیار کیا، جس میں خیمے، کمبل، ریزکیو بوٹس، پانی نکالنے کے پمپس، بچوں کے خشک دودھ، ریڈی ٹو یوز غذائی اشیاء (RUTF)، حفاظتی جیکٹس، سلیپنگ میٹ، مچھر دانی، چارجر لیمپس اور ضروری ادویات شامل ہیں تاکہ متاثرہ افراد کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن نے بھی امدادی سامان کی فراہمی میں تعاون کیا۔

انسانی ہمدردی کے اس مشن کے لیے فضائی راستے کی اجازت بھارت کی جانب سے نہ ملنے کے سبب قافلہ بحری راستے سے روانہ کیا گیا، جس کی وجہ سے روانگی میں تاخیر ہوئی۔ تاہم، این ڈی ایم اے نے فوری اقدامات کرتے ہوئے امدادی سامان کی روانگی کو یقینی بنایا، اور توقع ہے کہ یہ سری لنکا پہنچنے میں آٹھ دن لگیں گے اسلام آباد میں امدادی سامان کی روانگی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں سری لنکا کے سفیر ایچ ای ریئر ایڈمرل (ر) راوِندرا سی وجے گنارتنے، ڈیفنس اٹیچ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزارتِ خارجہ اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ حکام، الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے این ڈی ایم اے کی فوری اور منظم کارروائی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی یہ کوشش انسانی اقدار اور علاقائی یکجہتی کے عزم کی واضح مثال ہے۔

سری لنکا کے سفیر ایچ ای ریئر ایڈمرل فریڈ سینوی رتھنے (ر) نے پاکستان کی بروقت اور موثر مدد پر گہری تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے عوام پاکستان کی اس ہمدردانہ کوشش سے بہت متاثر ہیں، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے این ڈی ایم اے نے اعلان کیا کہ پاکستان دوستانہ ممالک کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہے اور بین الاقوامی اور ملکی سطح پر قدرتی آفات کے اثرات کم کرنے کے لیے مکمل طور پر کوشاں رہے گا پاکستان سری لنکا کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، جو دونوں بھائی ملکوں کے درمیان مضبوط بھائی چارہ، ہمدردی اور یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے.




